١٦ جنوری

میونسپل کارپوریشن الیکشن

Saturday, January 17, 2026

وہ اور اسکے اہل خانہ 15 دن دعا میں رہے. اللہ سے جیت مانگتے رہے. آج جیت گیا تو سیدھے پارٹی دفتر بھاگا اور سجدہ میں گر گیا.

#میرا مسیحا

فضائل مجلس

Saturday, January 10, 2026

شین الف فضائل مجلس کتاب میں لکھتا ہے کہ عمران پراتاپگڑھی کو خبر ہی نہیں ہوئی کہ کب اسکی توپ کا منہ بی جے پی سے ہٹا کر مجلس کی طرف کر دیا گیا. مجلس بھارتی سیاست میں پریشر گروپ کا بہترین کردار ادا کر رہی ہے. مجلس اب مسلم سیاست کے لیے فیکٹری بن چکی ہے جہاں سے مسلم سیاسی رہنما نکل رہے ہیں.

بالاپور بلدیاتی انتخاب ٢٠٢٥

Friday, January 02, 2026

بالاپور -  نئی منتخب جمو سرکار کو عوام کے ذریعہ ملی عزت و کامیابی مبروک 

 حالیہ الیکشن کے اصلی ہیرو کالونی سے سجاد صاحب اورعلاقہ شہر سے ناصر حسین صاحب کو بلدیہ کے نتائج کی پُرخلوص مبارکباد


انجینئر ابو سیف بالاپوری 

(جمو سرکار کو سلسلہ وار خطوط -  خط اول) 

السلام وعلیکم و رحمتہ اللہ وبرکاتہ 

بعد از مبارکباد،

دوران الیکشن، سید ناطق الدین صاحب اور انکے افراد خانہ کے خلاف جو زبان استعمال کی گئی وہ قابلِ مذمت ہے. اسی طرح خطیب صاحب کے امیدواروں کی طرف سے کی جانے والی غلط زبانی کی بھی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں. 


 الیکشن مہم میں عوام الناس نے جس بات کو نوٹ کیا ہے وہ یہ ہے کہ اکثر مہذب اراکین (خواہ کسی پارٹی سے ہو) نے اپنے وقار سے نیچے گر کر غلط زبان کا استعمال کیا اور محلہ باڑے میں بازار میں مرد و خواتین، چھوٹے بچوں و نوجوانان بالاپور کے روبرو کیا. مخالف کی پالیسیوں کو لیکر اپنی آراء سے عوام کو بآور کرانا اچھی بات ہے. سخت لہجہ  اپنا سکتے ہیں، مشکل سے مشکل ترین سوالات  کیجیے ، گفتگو میں گھیراؤ کیجیے لیکن گنجان مسلم آبادی والے قصبہ میں مسلم امیدواروں کی  زبان سن کر اور مزاج دیکھ کر  شدید افسوس ہوا. وہ لوگ جو تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کا دم بھرتے ہیں، جو نو نہالوں کی اور نئی نسل کی تربیت کو لیکر کوشاں نظر آتے ہیں ان ہی حضرات کی زبان گالیوں اور نفرت سے بھری تھی.  پھر میدان عمل میں ایسے منتخب ارکان سے کیا ہی کام لیا جاسکتا ہے؟ ہم امید بھی رکھیں تو کس سے اور کیا؟ عوامی پلیٹفارم پر جنکا لہجہ، ہاؤ بھاؤ تاؤ میں سنجیدگی تو دور زبان کا صحیح استعمال تک نہیں تھا. 

دونوں طرف کے امیدواروں نے الیکشن کے دروان جو چرب زبانی، لفاظی اور گالیوں کے قریب ترین اصطلاحات کا استعمال کیا اسے دیکھ کر نہیں لگتا تھا کہ ہمارے یہ اراکین کسی درجہ تعلیم کے تئیں سنجیدہ ہیں.  انفرادی حیثیت میں کون امیدوار کیسا ہے اس سے ہمیں کوئی سروکار نہیں لیکن جب لیڈران اجتماعی سطح سے ایکدوسرے کے خلاف اس قدر بدتمیزی کرے تو نئی نسل پر اور شعور مند اذہان پر اسکے سنگین اور دور رس  نتائج دیکھنےکو ملتے ہیں. 


ایک معزز رکن بلدیہ کا یہ کہنا کہ انجمن فلاں کے باپ کا نہیں ہے اس جملہ میں ذاتی حق کا اظہار کم اور نفرت شدید نظر آتی ہے اور اس پر المیہ کہ یہی صاحب ہمارے معاشرے کے قابل انسان ہے. بتائیے دونوں خیموں میں موجود قوم کے قابل افراد الیکشن کے میدان میں پارٹی کی پالیسیوں کو چھوڑ کر ایکدوسرے کی عزت کو پامال کر رہے ہیں اور گھروں تک حملہ کر رہے ہیں تو ایسے ارکان، معاشرہ کے فلاحی کاموں کو لیکر کتنے ایماندار ہوسکتے ہیں؟ کوئی فرد یہ دلیل دے کہ الیکشن میں  ایسا ہی بولنا ہوتا ہے تو یہ غیر مہذب قوم کا شیوہ تو ہوسکتا ہے لیکن مہذب قوم کے مہذب لیڈران کا نہیں چہ جائے کہ لیڈر گلی ہی کا لیڈر کیوں نہ ہو. 

 تقریر میں غیر مہذب الفاظ کا استعمال انسان کے بونا ہونے کی پہلی نشانی ہے اور کوئی بونا انسان کیونکر معاشرے کو اونچائی پر لے جاسکتا ہے. ١٠ سال سے چھاتی دِکھا (پیِٹ) رہے ٣٦ انچ والے صاحب کو ہی دیکھ لیجیے. 

 سیاسی مبصر یہ کہہ کہ سیاست اور الیکشن میں زبان کا ایسا استعمال بہت نارمل سی بات ہے تو پھر 5 سال میں کچھ دن ایسے ہوں جس میں کسی مہذب انسان کو غیر مہذب بن جانے کی چھوٹ مل جائے اور بعد الیکشن یہی امیدوار ہم سب کو تہذیب کا درس دیتا رہے. یہ فطرتاً ناقابلِ قبول ہے. 

 تعلیم کا معیار بلند کرنے کا دعویٰ کرنے والوں کو ڈاکٹر انجینئر یا دیگر اسناد و کاغذات  کی نہیں، بلکہ علم سے جو فکر پیدا ہوتی ہے ان بنیادی صفات کی ضرورت ہے. 
الیکشن نتائج کے بعد بھی بدتمیزی کا سلسلہ جاری ہے. تاریخی و مہذب شہر بالاپور کے منتخب اراکین کا ترقی و تعلیم کو لیکر جو دعویٰ اور فکر رہی، اس پر قبل از وقت کچھ کہنا ناانصافی ہے لیکن سب سے بڑی رکاوٹ خطیب شاہی کو دور کرنے کے بعد بھی ان اراکین کی زبان کا مزہ اسی ایک گھرانہ کے اطراف گھوم رہا ہے. نئی لیڈرشپ نے اب تک عوامی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ تک پیش نہیں کیا. اب بھی انکی محفلوں میں عوام کو ہنسایا جا رہا ہے. بہلایا جا رہا ہے.

 بالاپور کی عوام نے خطیب مخالف لہر میں جس سرکار کو منتخب کیا ہے اس کے لیڈران کو چاہیے کہ منصوبہ جات پیش کیے جائیں اور ان پر فوری عمل ہو. لوگوں کی راحت کا سامان مہیا کیا جائے. بازار کو صاف ستھرا رکھے ، پارکنگ کا انتظام کرے. سڑکوں پر دکانوں کے پھیلاؤ کو روکا جائے. مودی اور مودی بھکتوں کی طرح 70 سالہ غلامی والا فقرہ کسنا غلط بیانیہ ہے. اگر آپ بھی مودی اسکول سے یہی سیکھ کر آئے ہیں تو پھر کہنا پڑے گا کہ یہ غلامی والی اصطلاح بالاپور کے لیے اور یہاں کی عوام کے لیے توہین ہے. عوام نہ پہلے غلام رہی اور نہ آج غلام ہے. عوام کو برسوں بعد متبادل ملا تو ایسے نتائج ملے. ہماری جمو سرکار سے گزارش ہے کہ مودی کی طرح نہرو کی پالیسیوں کو غلط بتا کر پانچ سال تک گزارا کرنے کا خواب نا ہی دیکھے تو بہتر ہے کیونکہ عوام میں بیداری کی عجیب کیفیت دیکھی گئی بعض محلوں میں رشتہ داروں تک نے اپنا رشتہ دار چھوڑ کر اصل سماجی جہد کار کو ووٹ کیا لیکن رشتہ کا بوجھ کمیٹی تک نہیں گھسیٹا.  محمد سجاد صاحب عرف سجو کا جیتنا عوامی بیداری کا بہترین ثبوت ہے. 
محمدسجاد صاحب سے زیادہ مبارکباد کے مستحق کالونی کے ووٹرس ہیں جنکی کوشش سے سماج کا صحیح جہد کار اصل مقام تک پہنچا. اسی طرح علاقہ شہر میں ناصر حسین صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں. انکی ذاتی قربانی سے اکرم صاحب منتخب ہوئے. امید ہے کہ مستقبل میں شعیب کالونی جیسی رسم بدستور جاری رہے گی اور دیگر محلوں میں بھی دہرائی جائے گی اور لوگ بغیر کسی دباؤ کے اپنا من پسند لیڈر منتخب کریں گے.

دوسری طرف یہ پانچ سال خطیب صاحب،  انکے پارٹی ورکرس اور افراد خانہ و اعزا کے لیے سنہری دور کے مانند ہے. فرصت کے لمحات غنیمت ہوتے ہیں اور انہی لمحات میں انسان خود کو مستقبل میں درپیش چیلنجز کے لیے تیار کرتا ہے. کوئی حکومت دائمی نہیں ہوتی ہے. ستہ میں رہنے والے کے دشمن ہزار ہوتے ہیں. اگر منتخب بلدیاتی اراکین اپنے وعدوں میں نفاق پر ہو تو بعید نہیں آنے والے الیکشن میں بالاپور کی عوام مجلس کا سہارا لیکر انکو بھی کنارے لگا دے. 
 ہم دعا گو ہیں کہ جس طرح بالاپور کی عوام نے حالیہ الیکشن میں پرانی حکومت کےکام کاج سے ناراض ہو کر نئے لوگوں کا انتخاب کیا ہے مستقبل میں بھی ایسے افراد کا انتخاب کرے گی جو صرف اور صرف عوام فلاح کے لیے پیش پیش رہتے ہیں چرب زبانی اور ٹھرے بازی سے دور رہتے ہیں. 

ڈاکٹر آفرین (صدر بلدیہ بالاپور) اور انکے والد ضمیر صاحب عرف جمو سیٹھ کے لیے میر تقی میر کا یہ شعر 
 
بارے دنیا میں رہو غم زدہ یا شاد رہو
ایسا کچھ کر کے چلو یاں کہ بہت یاد رہو



انجینئر ابو سیف بالاپوری
(شین الف خان)  
١ جنوری ٢٠٢٦

Iran Israel War

Sulphuric Acid

Thursday, June 19, 2025

ایک سلفی کا ورک ،  سلفی ورک کہلاتا ہے جسے ملا کا پڑھا جائے تو سلفیورک بن جاتا ہے. یہ پڑھنے والے کو جلا دیتا ہے😅


 444302 - Lost Wisdom

balapur

بالاپور کے منبر و محراب

Sunday, June 15, 2025


عالم اسلام میں جاری شدید بحران اور جنگی جرائم کے باوجود بستی کی سبھی مساجد کے منبروں سے عالم عربی کے تعلق اس قدر بے تعلقی برتی جا رہی ہے مانو ہم سب کو اس سے کوئی لینا دینا ہی نہیں. وقت کے امام و خطیب کو چاہیے کہ وہ عوام الناس کو  فضائل و مسائل سے نکال کر حالاتِ حاضرہ پر تجزیاتی و فکری گفتگو پیش کریں. 

تُو نے پُوچھی ہے امامت کی حقیقت مجھ سے
حق تجھے میری طرح صاحبِ اَسرار کرے

ہے وہی تیرے زمانے کا امامِ برحق
جو تجھے حاضر و موجود سے بیزار کرے

موت کے آئِنے میں تجھ کو دکھا کر رُخِ دوست
زندگی تیرے لیے اور بھی دُشوار کرے

دے کے احساسِ زیاں تیرا لہُو گرما دے
فقر کی سان چڑھا کر تجھے تلوار کرے

فتنۂ ملّتِ بیضا ہے امامت اُس کی
جو مسلماں کو سلاطیں کا پرستار کرے!

Iran Israel War

ڈالر چھاپ اور ریال خور

Sunday, June 15, 2025

جس رات ایران پر حملہ ہوا اس وقت پاکستانی لکھاریوں نے خوب بھڑاس نکالی. ایران کے گناہ گنوائے اور فیصلہ سنا دیا کہ ایران برباد ہوگیا. اس سے برا برا ان ڈالر چھاپ لکھاریوں نے اس وقت بھی لکھا تھا جب افغانستان پر امریکا اور اسکے حواری  چڑھ دوڑے تھے.

دوسرے دن جب ایران نے جواب دیا تو انکی قلم کی ہوا نکل گئی اور اب ایران انکا اسلامی بھائی بن گیا... سب سے  زیادہ بدمعاش ڈالر چھاپ پاکستان میں پنپتے ہیں اور بھارت میں ریال خور...

 پاکستانی عوام سے بعید ، یہ بات وہاں موجود نظریہ ساز قلمی افراد کے لیے کہی گئی.



انجنیئر ابو سیف (شین الف )

father's day

فادرز ڈے

Sunday, June 15, 2025

آج فادرز ڈے ہے


بالاپور میں چرچ نہیں ہے اسلیے بالاپور میں فادرز ڈے نہیں منایا جائے گا. 😅



-وٹیکن سٹی، روم، اٹلی

کچھ جدید اصطلاحات کےاردو میں نام

Saturday, September 09, 2023



کیلکولیٹَر۔ _____ شُمارِندہ
اَیش ٹرے ______ راکھ دان
سپیڈ بریکر _____ رَفتار شِکَن 
پرُوف ریڈَر _____ عَیب جُو
ٹَول پلازہ ______ راہداری
چیک پوسٹ ____ نُکتہِ تَفتیش
کمپیوٹر _____ حاسبہ
موبائل فون _____ جَوّال / محمُول
ایپلیکیشَن _____ نِظامِیہ / اِنطَباق
فونٹ Font ____ رَسمُ الخَط
اَپ ڈیٹ Update ____ تَجدید
ڈاؤنلوڈ _____ توڑنا / اُتارنا
فیس بُک _____ کِتابِ رُخ
شئیر share ____ اِشتَراک
پوک ______ کہنی مارنا
ایس ایم ایس ____ پَیَمچہ
وال _______ بام
اَپلوڈ ______ چَڑھانا
ہارڈ کاپی _____ وَرقی نَقل / نُسخہ
سافٹ کاپی ____ بَرقی نَقل / نُسخہ
فوٹو کاپی _____ عَکسی نَقل 
چارجر _______ بَرقِیہ
اِن باکس / مَیسِنجَر ___ نامہ دان
سکرین شاٹ ______ عَکسِیہ
آن لائن ______ بِالّرابطہ
آف لائن _______ بلا رابطہ
پینٹِنگ _____ نَقشی تَصویر
فوٹو _______ عَکسی تَصویر
پِنسَل سکیچ _____ خاکہ
گول کیپَر ______ گولچی
سنائپَر / شُوٹَر _____ نِشانچی / نِشانہ باز
کِتاب کا ایڈیشن _____ جھول
ٹَیگ کَرنا ____ نَتھی کَرنا / پَخ جوڑنا 
کی بورڈ ______ کَلیدی تَختی
پَبلِک پلیس _____ جائے عامہ
پوسٹ ______ مُراسلہ
ریفریجریٹر _____ نِعمَت خانہ
ڈیپ فَریزَر __ یَخ نِعمَت خانہ/ یَخدان/ یَخچال
ریسورس پَرسَن _____ فَراہَمِندہ 
روسٹرم ______ مُخاطبہ / مِنبَر
کاپی _______ نَقل
پیسٹ ______ چَسپاں کَرنا
گُذِشتہ دِن _____ کَل
گراؤنڈ فلور ______ مَنزِلِ فَرشی
آنے والا دِن ______ غَد ( عَربی )
ڈیلِیٹ _______ حَذَف کَرنا 
ٹَیلی وِژَّن _____ دُور دَرشَن
سپیڈ بریکر ___ رَفتار روک/ رَفتار شِکَن
فارس ( farce ) ___ ہَریانگ
میلو ڈرامہ Melodrama _ سَوانگِ شیریں
سِنکوپیشَن Syncopation _ ماترائے اِضافی۔ 
پَیریبَل parable ___حِکایَت
اوڈ۔ Ode_____ خَطبُوم ( نَظمِ خِطابِیہ )
اَیپِک سِمِلی epic simile _ تَشبیہہِ مُسَلسَل / مُفَصِّل 
اَسِنڈَیٹَن Asyndeton ___ سُبُکِیہ
سولیلوکُوئی Soliloquy ___ کَلامِ پَریشاں
مونولَوگ Monologue ___ کَلامِ نَفسی
اَسائیڈ Aside ____ سَرگُوشِیہ 
ہائپَر بیٹَن Hyperbaton _ تَرتیبِ مَقصُودی
اِنوَرشَن Inversion ___ تَرتیبِ مَعکوس
اومِشَّن Omission ___ احذاف
آکسی مورون oxymoron ___ صَنعَتِ تَضادِ لَفظی
پَیراڈَوکس Paradox ____ تَضادِ اَمری 
اَینٹی تھِسِز Antithesis ___ صَنعَتِ تَنازِعہ / مَناقشہ
سِلّوجِزم syllogism ____ اِستَخراجِیہ
اِمیجری Imagery ___ تَمثال نِگاری
اِپَونِمَس پلے Eponymous Play __ سوانگِ مَوسُومہ
اِنووکیشَن Invocation __ مَناجات
آنوماٹوپِیا onomatopoei ___ صَوتِیہ
پولیپٹوٹا polyptota ___ لَفظ گَری
پرسَونیفیکیشَن personification ___ تَبشِیرِ مَجہُول
اَلّیگری allegory _____ تَبشِیرِ قَوی
اپوسٹروفی Apostrophe __ تَخطِیب
رومانس پوئمز Romance poems __ دَستُوم ( داستانِ مَنظُوم ) / نَظمِستان
پروزائیک پوئم۔ _ نَثرَم = ( نَثر ) + ( نَظم )
بَیلیڈ Ballad ___ قِصُّوم. ( قِصّہِ مَنظُوم )
پرِنٹِنگ پریس۔ _____ چَھپخانہ
سِلوَر جُوبلی۔ ____ جَشنِ چَندَن /نَقرہ
گولڈَن جُوبلی ____ جَشنِ سونا / کُندَن
پلاٹینَم جُوبلی ___ جَشنِ موتی
ڈائمَنڈ جُوبلی ____ جَشنِ ہیرا
وئیروُولف werewolf __ گَرگ مانَس
فَوگ۔ fog _____ دُھندواں
فولڈَر ______ خانہ
ایبریوئیشَن abbreviation __ مُخَفَّفِ لَفظی
اِنیشئلِزم Initialism ___ مُخَفَّف
ایکرونِم۔ Acronym ____ خَفیفہ 
نیمونِکس Mnemonics ___ اِنصَراف
کونَیکٹَر Connector / cohesive linker __ رَبطِیہ
کلاز Clause ______ جُمَلچہ
لائٹَر lighter ______ آتِش اَنگیز
ڈرائیور ______ گاڑی بان
فِنگَر پرِنٹ سینسَر ____ لَمس طَباع 
ٹیُوب لائٹ ___ سَلاخِ تاباں / نَلکیِ تاباں
پلَیٹ فارم _____ قابُوس
یُوٹوپِیا _______ خَیالِستان
ٹائم لائن ______ روزنامچہ
پاس وَرڈ ______ کَلیدی بول
ای میل _______ بَرقی ڈاک
اِن باکس _____ نامہ دان / تَخلِیہ
لاگ اِن ______ دَخُول / داخلہ
لاگ آؤُٹ۔ ______ خَرُوج / اخراج
مِلَّینِئَم Millennium ___ اَلفِیہ
گراؤنڈ فلور _____ مَنزِلِ فَرشی
ٹاپ فلور / پینٹ ہاؤس __ مَنزِلِ عَرشی
فائل ______ مِسل
برین ڈرین ______ ہِجرَتِ اَذہان
کیوی Kiwi _____ فِیل مُرغ
ایمُو Emu ______ بھیڑ مُرغ
ٹریگوپان Tragopan ___ تیتَرِ چَرخی
مینڈرین Mandarin __ بَطَخِ ہَفت رَنگ

Pseudo Muslim

پارسائی اور اسکی حد

Sunday, June 11, 2023




انعامات اور اعزازات کے لیے مسلم لڑکیوں میں سے بیشتر لڑکیوں کا چہرا  کھلا ہوتا ہے اور انکی تصاویر بھی لی جاتی ہیں. ان تصاویر کو جب مسلم گروپس میں بھیجا جاتا ہے تو اکثر والدین بچی کے چہرے پر پھول رکھ دیتے ہیں. پردا کا اہتمام و پارسائی کا خیال مسلمانوں کے درمیان آجانا اور غیروں میں کھلا رہنا یہ ایسا ہی جیسے مومنین کے ساتھ ہو تو مومن اور شیاطین کے ساتھ ہو تو شیطان ...

کچھ لوگوں کے اسلام کی حد اور تمیز مسلمانوں تک ہی ہوتی ہیں، غیر اسلامی ماحول میں انکا چہرا اور افعال غیر اسلامی ہوجاتا ہے. ایسے آزاد بندوں سے خود کی حفاظت کرنا لازمی ہے. 

ویکسین کے داعی

Thursday, March 10, 2022

لوگوں کو پکڑ پکڑ کر ویکسین لگوانے والوں کو جب پتہ چلا کہ سعودی حکومت بغیر ویکسین کے بھی عمرہ کی اجازت دے چکی ہے تو وہ بول رہے ہیں سعودی حکومت اسلام تھوڑے ہی ہے.

ہمارا سوال یہ کہ جس حکومت کی باتوں میں آکر آپ ویکسین کے داعی، وکیل بن بیٹھے تھے اور ٹیکہ کی تبلیغ کر رہے تھے کیا وہ اسلامی تھی؟😀 

ٹیپو کے گستاخ

Tuesday, November 23, 2021

میں نے ایک عجیب منظر دیکھا.


بلوچ محلہ میں دو خاندانی دشمن ایک دوسرے پر برس پڑے. کچھ دیر  گالیاں جو گولیوں سے بھی تیز چلی، دی گئی لیکن دیر رات جوانوں کی ایک ٹولی نے مخالف کے گھر پر پتھربازی کی اور بھاگ نکلے.


دس روز بعد جوانوں کی یہی ٹولی سلطان ٹیپو کی یوم پیدائش پر محلہ سر پر اٹھائے گھوم رہے تھے.

آنکھوں کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ جن کے ہاتھوں پڑوسی (چاہے کتنا ہی بدمعاش ہو، حاسد ہو، شریر ہو) کا گھر محفوظ نہیں وہ ٹیپو کے نام لیوا کیسے؟ 

‎خیال ‏گڑھنا، ‏ ‏مقام ‏سے ‏بین ‏الاقوام ‏تک

Tuesday, August 24, 2021

افغانستان 
انڈو سوویت - پڑوس میں آتنک
انڈو یو ایس - پڑوس میں آتنک

ترقی یافتہ اور بڑے ممالک اپنے پڑوسیوں کو ٹھیک اسی طرح برباد اور الجھا کر رکھتے ہیں جیسے ہمارے معاشرے میں چند بند ذہن، اجلے  نفیس ملبوسات اوڑھے  لوگ،   غریب مفلوک الحال عوام کو شکار بناتے ہیں.  یہ بد معاش عوام کو ایسے ہی گمراہ کرتے ہیں جیسے میڈیا اپنی باتوں سے کوئی نظریہ گڑھتا ہے.

تن ‏آسانی

Monday, August 23, 2021

جوانوں کا یہ کہنا کہ بہت وقت ہے باقی
فکر و فلسفہ حکمت کی باتیں، اے یار پھر کبھی
قوالی، عرس اور مشاعرہ پہلے
تعلیم، صحت عامہ اور روزگار پھر کبھی.


دوغلاپن

Tuesday, August 17, 2021

مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کا ہمیشہ رد کرنےوالے ، آج تحریک طالبان کی فتح پر باغ باغ ہو رہے ہیں .  یہ کیسا دوغلا پن ہے. 😐😶

خالی دماغ شیطان کا گھر

Friday, August 13, 2021

جو کام نہیں کرتے ہیں وہ زنگ آلود ہوجاتے ہیں. 
جو کام نہیں کرتے، شیطان انھیں پریشان کرتا ہے. 

کام روح کو پاک رکھتا ہے. 
رزق کو تلاش کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رہتا ہے کہ انکا رازق کون ہے.

Hitler

فلسطینی

Monday, May 31, 2021

ہٹلر کو اس قدر بدنام کیا گیا کہ اس کا نام ظلم و جبر، ہٹ دھرمی کے ساتھ جوڑ دیا گیا. ہم اکثر جملے میں اسکا استعمال کرتے ہیں.

"وہ بہت بڑا ہٹلر ہے، کسی کی نہیں سنتا"

"آپ تو ہٹلری کر رہے ہیں"

وغیرہ

جنکو ہٹلر نے دبایا اب وہ خود ہٹلری کر رہے ہیں. یہودیوں نے ایک مساوات بنائی اور  ہٹلر کو ظلم و جبر سے منسوب کر کے سارے جہاں میں عام کر دیا. 

کیا سارے جہاں کے مسلمان مل کر ایک اصطلاح پر کام نہیں کر سکتے؟ 

مثلاً 

کسی کی بہادری، شجاعت کو فلسطین سے تشبیہ دی جاسکتی ہے. 

عزم، حوصلہ اور جذبہ کو  فلسطینی جذبہ کہا جاسکتا ہے.

لو جہاد اور سماج

Wednesday, March 03, 2021


بےغیرت مسلمان ، خدا کے لئے نہ سہی، ایک  عورت کے عشق میں  جہاد تو  کرہی سکتا ہے۔
یوگی  نے لو جہاد قانون بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہندو خواتین بےلگام ہوتی ہیں۔
لو جہاد  قانون سے وہی لوگ ناراض ہیں  جنکی نظر برہمن کے  مال پر ہے۔

اویسی

Saturday, September 12, 2020

کل رات میں نے عجیب خواب دیکھا.... اپریل کا مہینہ اور تیز دھوپ...

دور تک ریگستان اور حلق خشک...

بھاگا جا رہا ہوں... پیچھے چند بدشکل تری شول لیے مجھے مارنے دوڑ رہے ہیں..

اچانک آسمان پر بادل چھا  گئے .. ٹھنڈی ہوا کا جھونکا مجھے مسحور کر گیا... تھوڑی دیر کے لیے بھول گیا کہ کس آفت میں گرفتار ہوں.. آنکھیں بند کر خدا سے مدد کی گہار لگائی... آنکھیں کھولی تو سامنے اسد الدین اویسی کو پایا....


 اویسی صاحب نے ہاتھ بڑھایا اور کہا پریشان مت ہو. اللہ کی مدد قریب ہے. جاؤ جلدی سے بوتھ پر ووٹ ڈال کر آؤ... نشانی  یاد رکھنا.... پتنگ


ایک زور کی لات پڑی.. آنکھ کھلی تو ابا غصہ میں چیخ رہے تھے 
'نکمے کوئی کام کیوں نہیں کرتا.. دن رات الیکشن اور نیتا کے بھاشن سنتا رہتا ہے.. 2019 کا الیکشن نہیں مانو قیامت کا الارم ہو.. اٹھ اور جلدی سے بریڈ اور دودھ لیکر آ...'


4 مارچ 2019 

کاروان

Saturday, September 12, 2020

  فکر و فلسفہ اور نظریئے پر ثابت قدمی سے کھڑے رہنے والے لوگ ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیتے ہیں۔ وفا اور جفا ء کے مقابلہ میں ہمیشہ فتح وفا کی ہوتی ہے اور ہماری تحریک وفا داروں پر مشتمل ہے فتح دیر ہی سے سہی لیکن ہمارا مقدر ہوگی. تحریکی پیغام کو تمام مصائب کے باوجود زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے ۔ حقیقی لیڈر پیروکار پیدا نہیں کرتا بلکہ وہ لیڈر پیدا کرتا ہے کیونکہ ایک بانی لیڈر ہوتا ہے اور باقی لیڈر ہوتے ہیں ۔  قائد لیڈر بناتا ہے قائد کو خدا بناتا ہے. ۔ نادیدہ قوتیں جب قائد کو خرید نہیں سکتی تو وہ  ہمیں خریدنے کی کوششیں کر تے ہیں ۔ کاروانِ امن و انصاف ایک کاروانِ وفا ہے اس کاروان سے غدارگزر نہیں سکتے کیونکہ یہ جنگ ہماری آنے والی نسلوں کے بقاء کی جنگ ہے ۔  ہماری طاقت، ہمارا یقین ہمارا نظم و ضبط اور اتحاد پر مشتمل ہے اور ہم یہ جنگ اپنے اتحاد کی بدولت جیتے گے۔ سچے کارکنان سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے رہتے ہیں. چند ضمیر فروش اہل وفا کو خرید نہیں سکتے ۔ہم اپنے اتحاد سے ضمیر فروشوں کے محلات میں آگ لگادینگے۔ آنے والا وقت بے ضمیر لوگوں کا احتساب کریگا اور انہیں چھپنے کی کئی جگہ نہیں ملے گی۔
 
حکومتیں آتی رہے گی جاتے رہے گی. ہمارا کام وقتی طور پر پنجہ آزمائی نہیں ہے.. ہم جس نظام کے تحت زندگی گزار رہے ہیں اسکو بہتر بنانا ہے. جمہوریت کے علمبردار ہو تو جمہوریت کے اندر غیر جمہوری افراد کو پہچاننا اور انھیں وہاں سے باہر نکالنا ضروری ہے. ہماری غلطی ہے ہم حکومت سازی میں حصہ نہیں لیتے.. 1/4 آبادی کا حکومت سازی میں شامل نہ ہونا اور جو حکومتیں تشکیل دی جاتی ہے ان میں ہماری نمائندگی کو حاشیہ پر رکھنا ہمارا سماجی سیاسی معاشی استحصال ہے یہ بحران ہے. یہ جمود ہے... مسلم دلت، عیسائی، او بی سی، ایس ٹی ایس سی پر ہو رہے مظالم کا ہم احتساب لیں گے. 


کاروان تبدیلی کا آغاز ہے. . .. یہاں موجود  ہم سب پر  یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے اپنے مقام پر تبدیلی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں. آج ہم یہ عزم کر لیں کہ انشاءاللہ اب کے بعد ہم پیچھے مڑ کر نہیں دیکھے گے.. تعلیمی میدان ہو یا سیاسی میدان یا پھر معاشی میدان.. ہر میدان میں ہم ملک کے دیگر باشندوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے...


یہ وہی کارواں ہے جس نے سوشل میڈیا پر مسلمانوں کی گفتگو کا موضوع تبدیل کیا. کاروان کے جنرل سیکرٹری جناب سمیع اللہ خان صاحب کی تحریریں فقط باطل کا گھیراؤ نہیں کرتی ہیں بلکہ یہ اپنوں کا احتساب پر بھی سخت ہے. 

کاروانِ امن انصاف میں ہم اسلامی تاریخ میں دلچسپی لینے کا شوق ابھارتے ہیں. اس پلیٹ فارم پر ہم ماضی و حال کی ان شخصیات سے غذا لیتے ہیں جن کی پہچان حق کے آگے ڈٹ جانا ، بہادری ، عزیمت،-استقامت اور جرات ہے. کاروان کوئی مسلکی یا کسی مسلک کی ذیلی تنظیم نہیں ہے. کاروان نام ہے  اعتدال کا. کاروان نام صبر و شکر اور انتھک کوشش کا.. یہ تحقیقی جذبہ کو ابھارتا ہے. یہاں شخص سے زیادہ مشن پر کام ہوتا ہے. کاروان میں شامل ہر شخص کی امتیازی خصوصیت اسکی سنجیدگی اور ٹھہراؤ ہے. 
کاروان ایک فیملی ہے اس سے جڑے سبھی تحریکی بھائی ہمارے خاندان کا حصہ ہے. کاروان سے گزرنےپر آپکو یہ اطمینان ہوگا کہ یہاں ہماری آپس کی گفتگو ایک نیا رنگ لیتی ہے. عظیم کاز کی تکمیل کے مختلف اپروچ سجھائی دیتے ہیں. ہمیں ایک دوسرے کی پسند ناپسند کا اندازہ ہوتا ہے. کاروان سے جڑا ہر فرد ہمارے مقدر کا ستارہ ہے...

23 فروری 2019 




 

فیسبک پر پسند کیجیئے

فلک آر تصاویر